بنگلورو،12؍نومبر(ایس اونیوز) شہر کے سروگنا نگر اسمبلی حلقہ میں آنے والے ناگوار وارڈ نمبر 23؍ میں مختلف بلدی مسائل کی یکسوئی اور بہتر معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے مقامی رکن اسمبلی اور وزیر برائے ترقیات بنگلور اور بنگلور ضلع انچارج وزیر کے جے جارج کی سرپرستی میں مختلف ترقیاتی کام تیزی سے تکمیل کی طرف رواں دواں ہیں، اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر ناگوار وارڈ میں کارپوریٹر محترمہ ارشاد بیگم اور ان کے شوہر کانگریس لیڈر کلیم پاشاہ کی جدوجہد اور کوششوں کے نتیجہ میں یہاں کی سہولیات کو شہری استعمال کیلئے تیزی سے مکمل کرنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بلدی سہولیات کے اعتبار سے چند برس قبل تک یہ علاقہ انتہائی پسماندہ رہا ہے۔ اس علاقہ کو شہر کے دیگر کارپوریشن علاقوں کی مانند بہتر سہولیات مہیا کرانے کیلئے کے جے جارج ، محترمہ ارشاد بیگم اور کلیم پاشاہ ہمہ وقت فکر مند رہے ہیں۔ حال ہی میں وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے ناگوار رنگ روڈ پر مانیتا ٹیک پارک کے قریب 80 فیٹ کشادہ سڑک جو عوام کیلئے تیار کی گئی ہے رسمی طور پر اس کا افتتاح کیا گیا۔ساتھ ہی نگروتھانہ پراجکٹ کے تحت 2.5کروڑ روپیوں کے گرانٹس کے ذریعہ پورے وارڈ میں مختلف سیول کاموں اور بلدی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کارپوریٹر اور مقامی قائدین کے ہمراہ ناگوار میں آنے والے مختلف محلوں کا بھی چل پھر کر تفصیلی معائنہ کیا۔ گزشتہ چار سال سے جارج کی قیادت اور کارپوریٹر ارشاد بیگم اور کلیم پاشاہ کی کوششوں سے اس علاقہ میں سیانیٹری کے اہم مسئلے کو اطمینان بخش حد تک سلجھالیا گیا ہے۔پانی کی فراہمی جس کا تصور بھی چند برس قبل یہاں ممکن نہیں تھا، اسے اب جامۂ حقیقت پہنایا گیا ہے۔ مرحلہ وار یہاں کے علاقوں میں پانی کی سربراہی کے نظام کو اور بھی متواتر کیا جائے گا۔ یہاں کی تار سڑکوں ، کانگریٹ گلیوں ،وغیرہ کی تکمیل ،اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی ، فٹ پاٹس وغیرہ کی تعمیر جنگی پیمانے پر مکمل کی گئی ہے۔ سی ایم سی کے پانی کے ساتھ بورویلوں کی فراہمی کا کام بھی کارپوریٹر کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں باقی کاموں کو بھی مکمل کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ اس علاقہ میں ٹریفک ایک بہت بڑا مسئلے بنی ہوئی ہے۔ خاص طور پر کے جی ہلی ریلوے گیٹ اور شامپور روڈ ریلوے گیٹ میں جب بھی کوئی ٹرین گزرتی ہے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کا اژدہام لگ جاتا ہے۔ محترمہ ارشاد بیگم اور کلیم پاشاہ نے وزیر برائے ترقیات بنگلور سے گذارش کی ہے کہ جلد از جلد کے جی ہلی ریلوے کراسنگ پر ایک اوور برڈج اور شامپور روڈ ریلوے کراسنگ پر ایک انڈر برڈج کی تعمیر کروائی جائے۔ جارج نے اس تجویز پر جلد عملی قدم اٹھانے کا یقین دلایاہے۔ ناگوار وارڈ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کے موقع پر بڑی تعداد میں مقامی کانگریس قائدین ، عمائدین ،سماجی کارکنان وغیرہ موجود تھے۔